وزیراعظم کے معاون خصوصی امین اسلم نے ہائیڈل پرافٹ کی تقسیم پر اعتراض اٹھا دیا

Jun 09, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے اٹک کا مقدمہ وفاقی کابینہ میں اٹھا دیا۔ معاون خصوصی ملک امین اسلم نے ہائیڈل پرافٹ کی تقسیم پر اعتراض اٹھایا۔ پنجاب کو ملنے والا سو فیصد حصہ اٹک کی وجہ سے ہے۔ ضلع اٹک کو حق ملنے کی بجائے ساری رقم صوبے کو منتقل ہو رہی ہے جو یہاں کے عوام کیساتھ سراسر زیادتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ ہائیڈل پرافٹ کی منظوری ضرور دے  لیکن صوبوں کو حق دینے کا پابند بنایا جائے۔ پنجاب کو ملنے والا سارا منافع غازی بروتھا پروجیکٹ کی وجہ سے ضلع اٹک کے عوام نے اپنے قیمتی زمینیں اس اہم منصوبے کیلئے دیں لیکن ان کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ غازی بروتھا سے ملنے والی رقم ضلع اٹک کی پسماندگی دور کرنے کیلئے بھی استعمال میں لائی جائے جو یہاں کے عوام کا حق ہے۔ ضلع اٹک کی پسماندگی دور کرنے کیلئے اس کو غازی بروتھا سے ملنے والی بھاری رقم کا بڑا حصہ ملنا چاہیے۔ پنجاب کو ہائیڈل پرافٹ 100فیصد اٹک کی وجہ سے جاری ہوتا ہے مگر ضلع اٹک کو اس کا حق نہیں ملتا۔ کیبنٹ ہائیڈل پرافٹ ضرور دے مگر اس پر ڈائریکشن دے کہ ہائیڈل پاور پیدا کرنے والے ضلع کو فنڈ ملے۔ ہائیڈل پرافٹ کا مقصد متاثرین کو اس کا فائدہ پہنچانا ہے۔ فنڈز کو اسلام آباد سے لاہور بھیجنا مقصد نہیں۔ پروفیشنل فنانس کمشن نہ ہونے کی وجہ سے اٹک جیسے پسماندہ  اضلاع پیچھے رہ جاتے ہیں۔ 

مزیدخبریں