لاہور(لیڈی رپورٹر)سیاسی خواتین نے سانحہ گھوٹکی پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم سوگوار اور غم زدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے جلدازجلد اقدامات کیے جائیں قیمتی جانوں کا نقصان کسی صورت بھی پورانہیں ہوسکتا ، قومی سانحے پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے۔تحریک انصاف کی ارکان اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد، شنیلا روتھ ، شمسہ علی اور نیلم حیات نے کہا کہ سانحہ گھوٹکی پر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا سیاست کرنا درست نہیں،سعد رفیق وزیراعظم پر تنقید سے پہلے اپنے دور کا جائزہ لیں،کاش سعد رفیق کل کی پریس کانفرنس میں اپنے دور کے حادثوں کی تفصیل بھی قوم کو بتاتے،انسانی غلطی کا ملبہ پورے حکومت پر ڈالنا دانشمندی کا ثبوت نہیں،حکومت جلد متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکج دے گی، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے بھی ریلوے کی بہتری کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے جس وجہ سے آج مختلف حادثات کی صورت میں نقصان اٹھاناپڑرہاہے ریلوے کی مضبوطی اور بہتری کیلئے جدیداورنئے پلان اوراقدامات کی ضرورت ناگزیر ہوچکی ہے۔پیپلز پارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیلم حسنین نے کہا کہ ٹرین کا سفرپاکستان میں خوفناک ترین ہوتاجارہاہے وزیربدلنے سے کچھ نہیں ہوگاحکومتی کاکردگی انتہائی ناقص رہی ہے جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے ریلوے سمیت ہرشعبے کا بیڑہ غرق کردیاگیاہے قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دارموجودہ حکمران ہیں۔ ، گھوٹکی حادثے کامقدمہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج کیاجائے پاکستان میں اتنے ٹوٹل حادثات نہیں ہوئے جتنے پی ٹی آئی کی حکومت میں ہوئے ہیں عمران خان سمیت تمام وزرا سو رہے ہیں۔ پتہ نہیں کن نااہلوں کے ہاتھوں میں حکومت ہے۔
ٹرین حادثہ ‘قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے:سیاسی خواتین رہنما
Jun 09, 2021