کراچی (اسپورٹس رپورٹر )بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے اورڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 26 کھلاڑیوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں 7 جون بروز پیر سے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیمپ کی نگرانی ثقلین مشتاق کررہے ہیں جبکہ این ایچ پی سی کے کوچز محمد یوسف اور عمر رشید کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ بھی اس کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مصروف ہے۔ان کوچز میں مصباح الحق،عبدالمجید، اعجاز احمد،راؤ افتخار انجم اور مہتشم رشید شامل ہیں۔اس کیمپ میں ان کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے جو پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی پختگی کے ساتھ ساتھ ان کے تکنیکی پہلوؤں پر بھی کام کیا جاسکے۔کیمپ کے پہلے روز کھلاڑیوں نے دو گروپس ریڈ اور وائٹ بال کی صورت میں ٹریننگ کی۔ کرکٹرز نے صبح نیٹ سیشن جبکہ شام میں فٹنس اور فیلڈنگ پریکٹس کی۔ سربراہ انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ کیمپ میں شریک تمام کھلاڑی باصلاحیت اوران کا مستقبل روشن ہے، ہم ان تمام کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے کھیل میں بہتری لاسکیں۔
نیشنل اورڈومیسٹک کرکٹرزکی تکنیکی خامیاں دورکرنے کا آغاز
Jun 09, 2021