لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قائم خصوصی ویکسین سنٹر کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے جاری ویکسین مہم پر بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں جب ایک خاص تعداد تک لوگ ویکسین لگوا لیں گے تو ماسک کی پابندی ہٹالی جائے گی۔ ویکسینیشن ہمارا چیلنج ہے کین سائینو کا ٹرائل آیا تو میں نے اپنی بیوی کے ساتھ لگوائی۔ بزنس کمیونٹی نے مشکل حالات کا بہت اچھے سے مقابلہ کیا۔ ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے 95 فیصد سے زائد سٹاف کی ویکسین ہو چکی ہے۔ طلباء کی ویکسین مہم جاری ہے۔ جن طلباء کو کوڈ نہیں بھی ملا وہ سٹوڈنٹ کارڈ کے ذریعہ ویکسین لگوا رہے ہیں۔ چودھری سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو چاہئے ضد اور انا چھوڑ کر انتخابی اصلاحات پر بات کرے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو آگے اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے۔ یہ بات اسد قیصر سے ملاقات میں کی۔ گورنر اور سپیکر نے اپوزیشن کو احتجاجی جلسوں کی بجائے پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ چودھری سرور نے کہا کہ عوام نے ہمیں پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ الیکشن 2023 ء میں ہی ہونگے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ سمیت تمام اداروں کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ ہم سب کو ملکر پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔
الیکشن 2023ء میں ہونگے، اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر بات کرے: چودھری سرور
Jun 09, 2021