لاہور (خصوصی رپورٹر) حمزہ شہباز شریف سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے اجلاس میں ملکی معاشی و سیاسی اور آنے والے بجٹ پر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ حمزہ شہبا ز نے تاجر وں کو یقین دلایا کہ پنجاب اسمبلی کے فورم پر ان کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کو بھرپور طریقے سے اٹھا یاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور حل کیا جاتا تھا کیونکہ ہم یہ سمجھتے ہیں ملکی معیشت کا پہیہ چلانے میں تاجروں مزدوروں اور کاشتکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ پی ٹی آئی نے تین سال میں پنجاب کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا ہے۔ تین سال میں پنجاب کے ساتھ وہی تباہی ہورہی ہے جو 9 سال میں پی ٹی آئی نے خیبرپی کے میں کی۔ پنجاب کی کمزوری پاکستان کی کمزوری ہے۔ پنجاب اور پاکستان سے محبت رکھنے والے جتنا جلد سمجھ جائیں بہتر ہوگا۔ پنجاب کی معاشی و انتظامی اور زرعی کمزوری و پسماندگی کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان دشمنوں کو ہو گا۔ پی ٹی آئی کے دور میں وفاق کے قابل تقسیم محاصل میں سے پنجاب کے حصے میں 11 فیصد کمی ہوئی۔ اس کٹوتی کے ساتھ ملنے والا بجٹ بھی پنجاب حکومت کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا اور اسے استعمال نہیں کیا جا سکا۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پنجاب میں ریونیو وصولی میں121 فیصد اضافہ ہوا۔ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سال میں پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں 238 ارب روپے کی کمی کی گئی۔ تین سال میں جنوبی پنجاب کے لئے پراپیگنڈا کرنے کے سوا کچھ نہ کر سکی۔