اسلام آباد (صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی الیکشن شفاف نہیں ہوا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد ضاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کا عمل جو جاری ہے اس کا حال سب دیکھ سکتے ہیں،ہم تو کہتے ہیں کہ کیمرے لگائیں اور بتائیں کہ ان کیسز میں کیا ہوتا رہا ہے، چیئرمین نیب خود سپریم کورٹ کے جج رہ چکے ہیں ان سے کہتا ہوں کہ یہاں آ کر دیکھیں۔انہوںنے کہا کہ لوگ تکلیف میں اور ملک مشکل میں ہے، ملک میں مہنگائی ہے اورلوگ بیروزگار ہورہے ہیں، کوئی پوچھنے والانہیں کہ ملک میں مہنگائی کیوں ہے؟ وزیر اعظم کا مشکور ہوں جنہوں نے فرمایا کہ جس ملک کے حکمران کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔ آج وفاق اور پنجاب میں پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے ، وزیراعظم کرپٹ ترین وزرا کے جھرمٹ میں پارسائی کے دعویدار ہیں ،وزرا دوائیوں، چینی اور گندم میں پیسے کھا گئے اور ان میں کروڑوں نہیں اربوں روپے کھائے گئے، یہ حکومت جاری منصوبے تک مکمل نہیں کر سکی۔ وزیراعظم کا مشکور ہوں جنہوں نے فرمایا جس ملک میں حکمران کرپٹ ہو وہ تباہ ہو جاتا ہے، آج وفاق اور پنجاب میں کرپٹ ترین حکومتیں ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ٹرین کا بڑا حادثہ ہوا اور وزیراعظم پارلیمنٹ تک نہیں آئے ، صرف ٹویٹ سے اظہار افسوس نہیں ہوتا، یہ نالائقی اور کرپشن ہے ، ٹرین کی پٹڑی کی مرمت کے پیسے کرپشن کی نذر ہوئے اور پارلیمنٹ میں حکومتی وزرا نے کہا کہ یہ پرانی حکومت کا کیا دھرا ہے،واقعہ پر حکومت کو کوئی ندامت نہیں۔ کمیشن کا مقصد ملزمان کو تحفظ اور چوری کو چھپانا ہے مگر یہ کام اب نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کوئی الیکشن شفاف نہیں ہوا، اپوزیشن کا کام ہے کہ عوام کی بات کرے، اگر شفاف الیکشن ہوئے اور دھاندلی نہ ہوئی تو عوام الیکشن میں بتائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں کوئی پوائنٹ آف نو ریٹرن نہیں ہوتا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایک سیاسی جماعت ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت سے گذارش ہے کچھ ظرف ہوتا ہے، پیپلزپارٹی بات کرنے اور کام کرنے کا طریقہ سیکھ لے۔