کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ ماہ قبل لیاری ایکسپریس وے کے قریب اربن فارسٹ بنانے کا دعوی کیا تھا۔ بلاول زرداری اور مراد علی شاہ یہاں 26 کلو میٹر کا اربن فارسٹ بنانے کا دعوی کرکے گئے تھے۔ بلاول کا اربن فارسٹ بکرا منڈی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ بلاول عیدالاضحی پر مال بنانے کی تیاری کررہے ہیں۔ بلاول نے اربن فارسٹ کی زمین ٹھیکے پر دیدی ہے جلد یہاں آبادی بھی بنادی جائیگی۔ مراد علی شاہ بتائیں اربن فارسٹ کیلئے کروڑوں روپے خرچ کہاں کیے گئے؟ ایک طرف وزیراعظم کے بلین ٹری سونامی منصوبے پر سندھ حکومت تنقید کرتی ہے۔ دوسری طرف پیپلز پارٹی خود اربن فارسٹ کے نام پر دو نمبریاں جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی صوبہ کو تباہ کررہی ہے۔ ہم پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے لیاری ندی کے دورے کے موقع پر جاری اپنے وڈیو بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں 6 دفعہ حکومت کی مگر عوامی خرمت اور ترقی کے بجائے ہمیشہ جیبیں بھرنے پر توجہ دی ہے۔ وفاق کی ترقیاتی اسکیموں پر پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کھیل رہی ہے۔ وزیراعظم پورے ملک کے وزیراعظم ہیں سندھ بھی عمران خان کا ہے۔ پی ٹی آئی نے 3 سالوں میں 32 فیصد سے زائد فنڈز سندھ کی ترقی کیلئے دیے۔ وفاقی حکومت نے صوبے میں با لخصوص 25 ارب پانی کی اسکیموں کیلئے مختص کیے۔ سندھ کے عوام کی عقل و شعور پر تالے نہیں لگے ہوئے، سندھ کی عوام پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کو سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صوبے کی ترقی کی اسکیموں کو مختلف بہانوں سے ہر سال دہراتی ہے۔ وزیر اعلی اپنی غرض سے نکل کر صوبے کی عوام کا نہیں سوچیں۔ وزیر اعلی کو تکلیف ہے کہ وفاقی حکومت ان کے ہاتھ میں پیسہ کیوں نہیں دے رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کی ترقی کیلئے تاریخی پیکچز دیے۔ مراد علی شاہ ایک ناکام اور کرپٹ وزیر اعلی ہیں اورسندھ کے ساتھ زیادتی کے مرکزی کردار ہے۔ منفی سیاست کرنے والے صوبے کی عوام کو بار بار نہیں ورغلا سکتے۔