چین کے سفیر نونگ رونگ نے بدھ کے روز راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور، چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل قمرجاوید باجوہ نے کورونا کے خلاف جنگ میں چین کی خدمات اور پاکستان کو ویکسین کی فراہمی پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے مضبوط دوست اور بھائی چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کی سترویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں ایک عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر چین کے سفیر کو مبارکباد پیش کی۔چین کے سفیر نے خطے میں امن و استحکام خصوصاً افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ادھر پاکستان کے ایوان صنعت و تجارت کی فیڈریشن کے ارکان نے بھی بری فوج کے سربراہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پاکستان میں کمرشل اور صنعتی مراکز کی ترقی میں فیڈریشن کے کردار کے ساتھ ساتھ ارتقاء پذیر علاقائی اقتصادی ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر کی آرمی چیف سے ملاقات، چین پاکستان اقتصادی راہداری میں پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال
Jun 09, 2021 | 21:53