کراچی (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک اینڈ فشریز عبدالباری خان پتافی نے کہا کہ ہم نے سندھ کے جانوروں میں لمسپی اسکن بیماری کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور اب انشا اللہ جلد اس مرض پر مکمل قابو پالیں گے اور ہمارے کام کو پاکستان کے دیگر تمام صوبوں میں سراہا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو ایک مقامی ہوٹل میں محکمہ لائیو سٹاک سندھ کی جانب سے حظیفیا انٹرنیشنل کے زیر اہتمام لمپی اسکن ڈزیز کے خاتمہ سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے محکمانہ افسران، ڈاکٹرز اور فیلڈ اسٹاف کی محنت اور کاوشوں سمیت ملک بھر میں ہمارے کام کو سراہا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری پارٹی قیادت خصوصا آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو، ادی فریال تالپور اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا خصوصی شکریہ جنہوں نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور دو دن میں ہماری سمری منظوری کرکیمحکمہ خزانہ سے فنڈز جاری کر ائے گئے جس کے بعد ترکی سے ویکسین منگواگر لمپی اسکن پر ضابطہ کا پروگرام شروع کیا اور ہمیں آج یقین ہے کہ سندھ کے مویشی مالکان کو جلد ہی اس مہلک وبا سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جانوروں اور پرندوں میں بیماریوں کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ویکسین شروع کی گئی ہے جس کے لیے وزیر اعلی سندھ نے کافی معاونت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر ملک سے پی ایچ ڈی کرنے والے ہمارے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار نہیں ،ہمارے ادارے پی ایچ ڈی کرائیں تاکہ مقامی افراد مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کام کر سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حظیفہ انٹرنیشنل کے سی ای او ڈاکٹر بشارت احمد ملک نے سیمینار میں اعلان کیا کہ ہم لمپی اسکن ویکسین لگانے والے ڈاکٹروں کو ویکسین کو تازہ رکھنے کیلئے واٹر کولر دیں گے جبکہ سندھ کے ہر ضلع کے ضلعی دفتر میں ویکسین کو تازہ رکھنے کیلئے فریج بھی فراہم کریں گے۔ سیمینار سے سیکرٹری لائیو سٹاک تمیز الدین کھیڑو، ترکی کے ویکسین ایکسپرٹ ڈاکٹر مصطفی، حظیفہ انٹرنیشنل کے سی ای او ڈاکٹر بشارت احمد ملک، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر نذیر حسین کلھوڑو نے بھی خطاب کیا ۔
جانوروں میں لمپسی اسکن بیماری پر جلد قابو پالیں گے‘ عبدالباری پتافی
Jun 09, 2022