96 سالہ ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی

Jun 09, 2022

آج کا ’’ولایت نامہ‘‘ اپنی 96 سالہ ملکہ الزبتھ دوم کی 70 سالہ تاج پوشی کے سلسلہ میں لندن میں منائی جانیوالی چار روزہ پلاٹینم جوبلی تقریبات کے حوالے سے لکھ رہا ہوں کہ برطانیہ میں مادر ملکہ کی پلاٹینم جوبلی کا سرکاری طور پر آغاز 2 جون اور اختتام 5 جون 2022ء کو ہوا۔ ملکہ الزبتھ جو دولت مشترکہ کے 54 ممالک کی سربراہ بھی ہیں‘ اپنے والد کنگ جارج ششم کی وفات کے بعد 1952ء میں تخت نشین ہوئیں جن کا برطانوی بادشاہ میں جانشینی کا اب تک کا یہ طویل ترین عرصہ شمار ہوتا ہے۔ ملکہ نے اپنے عہد تاج پوشی کے 70 برس مکمل ہوتے ہی برطانوی عوام کو یہ خوشخبری بھی سنا دی۔ برطانیہ کے آئندہ بادشاہ انکے 72 سالہ بڑے بیٹے پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور انکی 74 سالہ اہلیہ ڈچز آف کارنوال برطانیہ کی آئندہ ملکہ ہونگی۔ مادر ملکہ کے اس تاریخی فیصلہ کو برطانیوی عوام نے ہی نہیں کامن ویلتھ کے عوام نے بھی سراہا ہے۔ پلاٹینم جوبلی سے قبل ملکہ الزبتھ گو سلور‘ گولڈن اور ڈائمنڈ جوبلی بھی منا چکی ہیں مگر پلاٹینم جوبلی کے اس اعزاز پر برطانوی عوام نے ملکہ کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعائیں ہی نہیں مانگیں‘ گلی محلوں میں میوزک اور ڈانس پارٹیوں سے بھی ملکہ سے گہری محبت کا اظہار کیا ہے۔ 
2 جون 2022ء کو وسطی لندن میں واقع ملکہ کے ’’بکنگھم پیلس‘‘ کو ملانے والی مرکزی شاہراہوں کی دونوں اطراف کو برطانوی پرچم ’’یونین فلیگ‘‘ اور محل کو قمقموں سے سجایا گیا کہ ایسی تقریبات میں ملکہ کو عوام کی محبت کا بنفس نفیس محل کی بالکونی میں آکر شکریہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ دنیا بھر سے آئے سیاحوں سمیت برطانیہ کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عام اور خواص افراد ملکہ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے انتہائی مہذبانہ انداز میں اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ اس لحاظ سے محل کی بالکونی کی بھی اپنی ایک تاریخی اہمیت ہے جسے ملکہ کی جانب سے عوام سے اظہار محبت کرنے کا سمبل تصور کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ یہاں 1851ء سے جاری و ساری ہے۔ پلاٹینم تقریب پر ریٹائرڈ فوجیوں‘ شاہی مہمانوں اور دولت مشترکہ کے 54 ممالک سے آئے افراد اور دنیا بھر سے آئے سیاحوں سمیت ہزاروں افراد نے اس تقریب میں ملکہ سے دلی محبت کا اظہار کیا۔ 
 سلور جوبلی کے موقع پر پورا شاہی خاندان بالکونی پر موجود تھا جبکہ 2002ء میں ہونیوالی گولڈن جوبلی کے موقع پر بالکونی میں شاہی ارکان کی تعداد کم ہوئی اور یوں 2012ء میں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر بالکونی میں شاہی خاندان کے افراد کی تعداد 6 افراد تک دیکھی گئی۔ پلاٹینم جوبلی کی اس بالکونی تقریب پر اب کی بار 17 افراد موجود تھے جس میں ملکہ کے پوتے‘ پوتیاں بھی شامل تھیں۔ یہ بھی یاد رہے کہ ملکہ الزبتھ کے 8 پوتے پوتیاں اور 21 پڑپوتے ہیں۔ بالکونی میں آتے ہی ملکہ کو بکنگھم پیلس کے خصوصی دستوں سمیت ایئرفورس کے جدید ٹیکنالوجی سے لیس فائٹر طیاروں نے سلامی دی جبکہ پلاٹینم جوبلی کی تقریب میں جمع ہزاروں افراد نے ملکہ اور شاہی خاندان کے بالکونی میں آئے افراد جن میں پرنس چارلس‘ ڈچس کمیلاپارکر نمایاں تھے‘ تالیوں سے عزت افزائی کی اور ملکہ کی درازیٔ عمر کیلئے خیرمقدمی کلمات کہے۔ 
ملکہ سے ملکی اور غیرملکی عوام کی چاہت اور عقیدت بلاشبہ اعلیٰ برطانوی اقدار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایک زمانہ تھا جب برطانیہ کو دنیا بھر میں گریٹ برٹن کے نام سے اس لئے بھی پکارا جاتا تھا کہ اس کا پھیلائو دنیا کے 68 ممالک تک تھا مگر صورتحال آج تبدیل ہو چکی ہے۔ مذکورہ ممالک کی وسعت کا ہی یہ اعجاز تھا کہ دنیا یہ کہنے پر مجبور تھی کہ برطانوی سلطنت میں سورج کبھی غروب نہیں ہوتا۔ دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح برطانوی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں تاہم آسٹریلیا‘ کینیڈا‘ نیوزی لینڈ سمیت 3 درجن کے قریب جزیرہ نما ممالک دنیا میں ایسے ہیں جہاں کی کرنسی اور نوٹوں پر ملکہ الزبتھ دوم اور کنگ جارج کی تصاویر نمایاں ہیں جو برطانوی شہنشاہیت کی قوت کا آج بھی مظہر ہیں۔ برطانیہ اور پاکستان کے دیرینہ دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام قدر کی نگاہ سے اس لئے بھی دیکھتے ہیں کہ برطانیہ پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے ترقیاتی منصوبوں سمیت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خصوصی مالی امداد دیکر حقیقی دوستی کا حق ادا کررہا ہے۔ اب تک کی سرمایہ کاری میں برطانیہ سرفہرست ہے۔ شاہی خاندان کے متعدد افراد اب تک پاکستان کے متعدد سرکاری دورے کر چکے ہیں۔ ملکہ الزبتھ نے 1961ء میں جب برصغیر کا دورہ کیا تو وہ پاکستان خصوصی طور پر آئیں۔ اسی طرح انہوں نے 1997ء میں دورہ کیا جبکہ شہزادہ ولیم کی والدہ آنجہانی شہزادی ڈیانا نے پاکستان کا تین مرتبہ دورہ کیا۔ شہزادہ چارلس اور ڈچس آف کارنوال کامیلا پارکر نے 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا۔ 
جس وقت یہ سطور لکھ رہا ہوں‘ ملکہ کی اس پلاٹینم جوبلی کی خوشی میں برطانیہ کے ہر شہر اور بالخصوص لندن کے ہر دوسرے گلی محلے میںسٹریٹ پارٹیزکا رضاکارانہ طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔ میرے محلے کی میری گوری کولیگز کی دعوت پر اپنے محلے میں ہونیوالی اس خوبصورت پارٹی میں شرکت کرکے میں بھی محظوظ ہوا ہوں۔ اپنی 96 سالہ ملکہ کی عمر درازی کیلئے دعا۔ 
٭…٭…٭

مزیدخبریں