اسلام آ باد (خبر نگار خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے خیبرپی کے کے عوام سے اپنا وعدہ پورا کردکھایا ہے، صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، خیبر پی کے میں 100 موبائل اسٹورز پر 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے خیبرپی کے صوبے کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپی کے کے غیور عوام سے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا ہے،خیبر پی کے کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے، انہوں نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر خیبر پی کے میں 100 موبائل اسٹورز نے کام شروع کردیا ہے جہاں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی شروع کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون تک خیبر پی کے میں ان عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی جبکہ سستے آٹے کی فروخت کے 993 مقامات کی مجموعی تعداد 2000 سے زائد کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پی کے کے بہادر عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے اور 8 سال سے ان کے صوبے میں رکے ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پی کے کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ بتدریج پورے خیبر پی کے میں پھیلایا جائے گا۔ ان کے مطابق اب تک ایبٹ آباد اور پشاور زون میں مضموعی طور پر 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں جبکہ زونز میں الگ الگ موبائل اسٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے جبکہ پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلم ڈویژن اور پاک فلکس پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا، پی ٹی وی فلم ڈویژن کا مقصد نوجوانوں کی فلم سازی میں مشغولیت کو فروغ دینا ہے، پاک فلکس پراجیکٹ میں پی ٹی وی کے مواد کو آن لائن کیا جائے گا۔ پی ٹی وی فلم ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2017 میں پی ٹی وی فلم ڈویژن پر کام شروع کیا تھا، 2018 میں کابینہ کی منظوری سے پاکستان کی پہلی فلم پالیسی کا آغاز کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں فلم کو انڈسٹری کا درجہ حاصل نہیں تھا، 2018 میں ہم نے نہ صرف فلم پالیسی بنائی بلکہ پہلی مرتبہ فلم، کلچر سیکٹر اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس میں شامل کر کے ایک جامع مسودہ اور فلم انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں بچوں کے مواد سے متعلق اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی آگاہی کے لئے خبروں کی اصل جزئیات پہنچانا ضروری ہیں جبکہ عوام کی تفریح کے حوالے سے ڈیمانڈ کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی، سینئر اداکار جمال شاہ، لیلی زبیری اور وزارت اطلاعات کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔