اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کو انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے بلائے گئے پاکستان تحریک انصاف کی نیشنل کونسل کے اجلاس میں اگلی ٹرم کیلئے بلامقابلہ چیئرمین، مخدوم شاہ محمود قریشی کو سینئر وائس چیئرمین اور اسد عمر کو سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا۔ انٹرا پارٹی کے انتخابات کے لئے پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر جمال انصاری کی سربراہی میں کے پی کے ہائوس میں ہونے والے نیشنل کونسل کے اجلاس میں پارلیمانی پارٹی، صوبائی تنظیموں کے سینئر عہدیداران شریکِ ہوئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے عمر سرفراز چیمہ اور نیک محمد کی قیادت میں دیگر دو پینل میدان میں تھے تاہم الیکشن سے قبل دونوں پینل مقابلے سے دستبردار ہوگئے جس سے عمران خان بلامقابلہ چیئرمین، مخدوم شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین اور اسد عمر سیکرٹری جنرل منتخب قرار دے دئے گئے۔ نیشنل کونسل نے پیر نورالحق قادری کی جانب سے بھارت میں توہین کے ناپاک واقعہ کی مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دو بار پارٹی میں الیکشن کرائے جبکہ ہمارے ملک میں انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے کوئی مثال ہی موجود نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے دو لانگ مارچ کئے۔ بلاول بھٹو زرداری مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ اسلام آباد لائے لیکن ہم نے کوئی رکاوٹ نہ ڈالی۔ ہم نے نہ میڈیا پر پابندی لگائی نہ کسی کے جلسے اور احتجاج کو روکا لیکن انہوں نے میڈیا کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن ختم کردی۔ الیکشن کمشن پر کسی کو اعتماد نہیں۔ اس کے ممبر لگا دئیے گئے۔ کوشش ہو رہی ہے کہ الیکشن جیتیں لیکن حلقہ بندیوں پر بھی اعتراضات ہو رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر رضوان کو دھمکیاں دیں جو بعد میں ہارٹ اٹیک سے فوت ہوگئے۔ یہ نیب بدلنا چاہتے ہیں۔ نیب پر پتھرئوا کرکے ڈرا رہے ہیں تاکہ اپنے کیس ختم کرائیں ۔ شہباز شریف سے اس لئے وہ خوش ہیں کہ وہ بیرونی ایجنڈا لاگو کریں گے۔ دونوں جماعتوں کے اربوں ڈالر باہر کے ملکوں میں پڑے ہوئے ہیں۔ آج صرف تحریک انصاف وفاقی پارٹی رہ گئی ہے۔ ن لیگ سینٹرل پنجاب اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی رہ گئی ہیں۔ سپریم کورٹ جیسے ہی کلیئر کرے گی میں مشاورت کر رہا ہوں جلد ایک بڑا احتجاج کریں گے۔ ساری تنظیموں کو تیاری کا کہوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت میں ناموس رسالت پر جو ناپاک جسارت ہوئی ہے اس کی مذمتی قرارداد پیش کرتے ہیں۔ پیر نورالحق قادری نے قرارداد پیش کی جو ہائوس نے متفقہ طور پر منظور کی۔ دریں اثناء اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو اگلا الیکشن جتوانے کیلئے ابھی سے تیاری کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمشن پر کسی کو اعتبار نہیں، یہ لوگ اپنی پسند کی حلقہ بندیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سازش سے ہماری حکومت ہٹائی گئی۔ امریکا کے پالتو اوپرآکر بیٹھے ہیں۔ اس کی اجازت کے بغیر یہ کبھی کوئی کام نہیں کریں گے۔ ان کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں۔ یہ ان کیخلاف کبھی سٹینڈ نہیں لیں گے۔ میری حکومت ختم ہوتے ہی اسرائیل اور بھارت میں خوشیاں منائی گئیں۔ ہمارے خلاف سازش کرنے والے فوج کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء عمران خان سے انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن حیات آباد پشاور کے صدر ملک عمران اسحاق کی سربراہی میں کارخانہ داروں کے وفد نے ملاقات کی۔ حیات آباد پشاور کے صدر ملک عمران اسحاق نے عمران خان کو کارخانہ داروں کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔