اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تحریک انصاف کے جن ارکان نے استعفے دیئے ان میں شکوک و شبہات ہیں۔ کچھ ارکان نے رابطے کئے ہیں۔ فی الحال میں منتظرہوں جب وقت ختم ہو گا تو فیصلہ کروں گا۔ جس تاریخ سے استعفے آئے ان کی تنخواہ روک دی گئی، ہدایت کی ہے جنہوں نے استعفے دیئے ان کی تفصیلات دی جائیں۔ راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ استعفی دینے کے کچھ قواعد و ضوابط ہیں۔ کوئی ممبر استعفی دیتا ہے تو میرا فرض ہے تعین کروں کہ بغیر کسی دبائو کے دیا گیا۔ جب تک یہ بات واضح نہ ہو استعفی منظور نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز پیپس کے زیر اہتمام پارلیمانی رپورٹرز کے لیے بجٹ کی ٹیکنیکل رپورٹنگ سے متعلقہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بجٹ بل منظور کرنے کا اختیار صرف قومی اسمبلی کے پاس ہے۔
جن پی ٹی آئی ارکان نے استعفے دیئے ان میں شکوک و شبہات ہیں: پرویز اشرف
Jun 09, 2022