بہاول پور(نامہ نگار)کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ بہاول پور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کے میدان اور انٹر نیشنل لیول کا جمنیزیم موجود ہے جن سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہترین مواقع میسر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کپ انٹر ڈسٹرکٹ سمر سپورٹس گالا کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ مستقبل میں ونٹر اور سمر اولمپکس کی طرز پر بہاول پور میں کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروانے کا شیڈول بنایا جا رہا ہے اور بہت جلد اس طرز پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔ کامیاب کھلاڑیوں کو وظائف بھی دیئے جائیں گے۔ انہیں نوجوان نسل کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوان نسل کی بھرپور پذیرائی کی جائیگی۔ پہلے دن کراٹے کے میں بہاول پور نے 145 پوائنٹس کیساتھ پہلی اور رحیم یار خان نے 100 پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گرلز والی بال میں بہاول نگر نے بہاول پور والی بال ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 سیٹ سے ہرا دیا۔ بوائز والی بال میں بہاول پور نے بہاول نگر کو صفر کے مقابلے میں 2 سیٹ سے ہرا دیا۔ بیڈمنٹن بوائز میںرحیم یار خان اور بہاول نگر کے درمیان میچ کھیلا گیا جو رحیم یار خان نے سنگل اور ڈبل مقابلوں میں 16-21 اور 14-21 سے ہرا دیا۔