چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے کنٹری ڈائریکٹر  عالمی بینک کی ملاقات

Jun 09, 2022

اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنحسائین (najy Benhassine) نے ملاقات کی۔ملاقات میں توانائی،تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں جاری اقدامات اورپاکستان میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے اورمختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے۔اقتصادی بحالی اوراستحکام کیلئے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ عوام کے نمائندوں کے طور پر پارلیمنٹرینز کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ورلڈ بینک گورننس اور سروس ڈیلیوری کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات میں پارلیمان اور حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اورعالمی بینک تکنیکی اور مالی امداد کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کی  صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ فریم ورک بنانے کیلئے پارلیمان اور ورلڈ بینک حکومت کو انگیج کرسکتی ہیں جس سے امداد کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور توانائی کے بحران سے نکلنے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کی مدد جاری رکھے گا۔
صادق سنجرا نی

مزیدخبریں