ہنر مند کارکنوں کی کمی :آسڑیلوی حکومت کا ویزا درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم

کینبرا (اے پی پی)آسٹریلوی حکومت نے محکمہ داخلہ کو حکم دیا ہے کہ وہ ملک میں ہنر مند کارکنوں کی کمی کو دور کرنے کے لیے ویزا درخواستوں کو تیزی سے نمٹائے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق نئی حکومت میں امیگریشن، سٹیزن شپ، مائیگرنٹ سروسز اور کثیر ثقافتی امور کے وزیر اینڈریو جائلز    نے اعلان کیا کہ انہوں نے ملک میں ہنر مند کارکنوں کی کمی کو دور کرنے کے لیے ویزا درخواستوں کو تیزی سے نمٹانے کا حکم دیا ہے۔  انہوں نے  کہا کہ وہ ویزا کی درخواستوں کی کارروائی میں غیر معمولی تاخیر کا مسئلہ کمیونٹی اور سابق حکومت کیساتھ کئی سالوں سے اٹھا رہے ہیں۔ ویزا درخواستوں پر بر وقت کارروائی کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویزاکی بر وقت کارروائی کی موجودہ حالت پر اپنے تحفظات کا ذکر  محکمہ داخلہ کیساتھ بھی کیا ہے۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ویزا درخواستوں پر بروقت کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ سابق حکومت نے ہنر مند کارکنوں کے ویزوں کے لیے درخواستوں کی تعداد کا ڈیٹا شائع نہیں کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن