ٹیکس اہداف کا حصول ،ایف بی آر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تقلید کرے، ٹیکس بار

Jun 09, 2022

لاہور( کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالیاتی بل میں اشرافیہ کیلئے اربوں روپے ٹیکس چھوٹ ختم، سیلز ، انکم اورودہولڈنگ ٹیکسز کی شرح کم کرے ، ٹیکس نیٹ میں نئے آنے والوں کو 5سال کے لیے آڈٹ سے استثنیٰ قرار دیا جائے ،ایف بی آر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تقلید کرے، جس نے ٹیکسز کی شرح 16سے 5فیصد تک کم کر کے نہ صرف مثال قائم کی بلکہ خوف و ہراس پھیلائے بغیر اوپن ڈور پالیسی کے ذریعے اہداف حاصل کئے۔ان خیالات کا اظہار لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر نعمان یحیی،نائب صدر شکیل بسرا،سیکرٹری جنرل مرزا مبشر بیگ اور دیگر نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی زین العابدین ساہی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ممبر پالیسی ڈاکٹر جاوید اقبال شیخ،اے سی ہیڈ کوارٹر کاشف یونس،پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین،سیکرٹری جنرل قمرالزمان چودھری ودیگر بھی موجود تھے۔ ٹیکس بار کے عہدیداروں نے پنجاب ریونیواتھارٹی کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور انہیں رواںمالی سال کے اہداف حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ٹیکس بار کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت عرصے سے یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ اس کے پاس ڈھائی کروڑ ایسے لوگوںکا ڈیٹا موجود ہے جو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی استطاعت رکھتے ہیں لیکن حیران کن بات ہے کہ اس کیلئے پیشرفت نہیں کی جاتی۔ حکومت آگے بڑھے ہم اس کا بھرپور ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین زین العابدین ساہی نے ٹیکس بار کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ خوف و ہراس کے کلچر کو فروغ دینے کی بجائے اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتے ہیں ۔

مزیدخبریں