کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ مہنگائی اور بلدیاتی اختیارات پر مگرمچھ کے آنسو بہانے والی ایم کیو ایم وزارتوں اور حرام کمائی کی خاطر کل عمران خان کی غلط معاشی پالیسیوں کی بھی حصہ دار تھی اور آج پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا بھی حصہ ہے، اسی طرح اکتوبر 2013 میں اپنے ہاتھوں سے بلدیاتی اختیارات پیپلزپارٹی کی متعصب سندھ حکومت کو سونپ دیے اور قوم کے سامنے اختیارات اور وسائل کا رونا روتے رہے لیکن آج پھر اسی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ ایم کیو ایم کا یہی وطیرہ ہے کہ وہ ہر بار مہاجروں کے مینڈیٹ کا سودا کرتی ہے اور اپنے حصے کی بوٹی کی خاطر پوری مہاجر قوم کو قربان کر دیتی ہے۔ ایم کیو ایم آج اسی پیپلز پارٹی کے ساتھ اقتدار کا حصہ ہے جن سے مہاجروں کے لیے نیا صوبہ لینا تھا۔ اپنی کرپشن کی خاطر مہاجر قوم کے نوجوانوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ مہاجر لاپتہ ہوتے رہے، ہزاروں مہاجر عورتیں بیوہ ہو گئیں، بچے یتیم ہوگئے، بوڑھے ماں باپ کے سہارے چھن گئے اور یہ آج بھی مگر مچھ کے آنسو بہا کر جئے مہاجر کا نعرہ لگا کر اپنی سیاست چمکانے کے لیے مہاجر نوجوانوں کی لاشوں کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ انکی مردہ سیاست چمکے۔ اسی پیپلز پارٹی کے وزیر اعلی کے گھر کے باہر ماں، بہنوں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو آگے رکھ کر ڈنڈے پڑوائے اور خود پیچھے اپنے گھروں کو چلے گئے۔قوم اب ایم کیو ایم کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں یوسی 16 لانڈھی سیکٹر 3/B میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والے خود فیصلہ کریں اور ان کی لسانی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کا بھرپور ساتھ دیں ورنہ یہ گدھ کی طرح ہماری نسلوں کو بھی نوچیں گے۔
مصطفی کمال