لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ورلڈ کپ 2023ء میں نریندر مودی سٹیڈیم میں اپنے میچز کھیلنے کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ نجم سیٹھی نے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف ایلارڈائس کو آگاہ کیا ہے کہ پاکستان احمد آباد میں اس وقت تک نہیں کھیلے گا جب تک کہ یہ فائنل میچ نہ ہو۔ چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی کے سربراہوں کو واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان فائنل جیسے ناک آؤٹ میچ کے علاوہ احمد آباد میں نہیں کھیلنا پسند کریگا۔ سیٹھی نے آئی سی سی سے درخواست کی ہے کہ اگر ٹیم کو پاکستانی حکومت سے کلیئرنس مل جاتی ہے تو وہ چنئی، بنگلورو اور کولکتہ میں میچز شیڈول کرے۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا شیڈول کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔خدشات کو دور کرنے اور آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے یقین دہانی حاصل کرنے کی کوشش میں، آئی سی سی کے سربراہان نے حال ہی میں لاہور کا دورہ کیا۔ واپسی پر، انہوں نے پاکستان کو کھیلوں کیلئے ایک پرامن ملک قرار دیا اور 2025ء میں آنے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے اس کی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پچھلے مہینے یہ اطلاع ملی تھی کہ 15 اکتوبر کو نریندر مودی سٹیڈیم میں ورلڈ کپ 2023ء کے انتہائی متوقع مقابلے میں پاکستان کا بھارت سے مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش اپنے زیادہ تر میچ چنئی، بنگلورو، گوہاٹی اور کولکتہ میں کھیل سکتے ہیں، ہر ٹیم نو میچ کھیلے گی۔ پاکستان نہیں چاہتا کہ اس کے میچ احمد آباد میں شیڈول کیے جائیں تاہم اگر ہمیں کوئی فائنل میچ وہاں کھیلنا پڑے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھارت کی شرکت کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے۔
پاکستان کا ورلڈ کپ فائنل کے سوا احمد آباد میں میچ کھیلنے سے انکار
Jun 09, 2023