لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق ہونے والے اچھرہ کے 8 نوجوانوں کے لواحقین نے ملاقات کی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 3 نوجوانوں محمد فہد، معین علی اور محمد حسنین کے اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محسن نقوی نے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کے لئے15، 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق نوجوان اپنے خاندانوں کا سہارا تھے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے مالی امداد آپ کے پیاروں کی جان کا نعم البدل نہیں۔ جن کے پیارے دنیا سے چلے گئے ان کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ پنجاب حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ زخمی نوجوانوں کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی ہدایت پر ٹیچنگ ہسپتالوں میں حفظان صحت کے معیار اور بیماریوں کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے گا۔ محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ویسٹ کو سائنسی بنیادوں پر تلف کرنے کیلئے پی کے ایل آئی کو ذمہ داری سونپنے کی اصولی منظوری دے دی ہے اور پی کے ایل آئی انتظامیہ کو دیگر ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کرنے اور استعداد کار میں اضافے کا پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دیگر ہسپتالوں کا ویسٹ تلف کرنے کیلئے پی کے ایل آئی میں ضروری مشینری اور افرادی قوت کا انتظام کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں تقریباً 50 بنیادی ٹیسٹوں کے علاوہ دیگر ٹیسٹو ں کو پی کے ایل آئی کی لیبز سے کرانے کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی کے ایل آئی انتظامیہ محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں مربوط اور موثر نظام وضع کرے۔ محسن نقوی نے سوات کے علاقے مینگورہ میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی