9 مئی واقعات: تفتیش اوورسیز پاکستانیوں  تک بڑھانے کا فیصلہ‘ 500 کی شناخت

Jun 09, 2023


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت پاکستان نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کو اوورسیز پاکستانیوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث 500 سے زائد پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی۔ ریاست مخالف پراپیگنڈا اور سرگرمیوں میں ملوث تمام تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ان گھناﺅنے واقعات کو اکسانے‘ بڑھاوا دینے اور مدد (جسمانی‘ اخلاقی اور مالی) کرنے میں ملوث پائے جائیں گے۔ اس حوالے سے 500 سے زائد پاکستانیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے۔ ان کے کال ریکارڈ‘ سوشل میڈیا سرگرمیاں‘ ٹریول ہسٹری‘ مالیاتی لین دین‘ امیگریشن سٹیٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام کے نوٹس میں یہ بھی آیا ہے کہ ان میں سے بعض سرغناﺅں کو غیرملکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت حاصل ہے۔ ایسے تمام افراد جب بھی پاکستان آئیں گے‘ انہیں تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا۔ حکومت تمام ملوث افراد کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرے گی اور متعلقہ غیرملکی حکومتوں سے مجرمان کی حوالگی کیلئے رابطہ کیا جائے گا۔
 تفتیش، اوورسیز

مزیدخبریں