لاہور( این این آئی) ایک رپورٹ کے مطابق دوسرے ملکوں کے شہریوں کیلئے دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں نیویارک پہلے ،ہانگ کانگ دوسرے جبکہ لندن چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا آخر نمبر ہے۔سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی ای سی اے انٹرنیشنل کی جانب سے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی جس میں دنیا کے 207 شہروں میں دوسرے ممالک کے شہریوں کو درپیش اخراجات کا موازنہ کیا گیا ہے۔طویل عرصے سے جاری تحقیق میں مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں امریکہ کا شہر نیویارک، ہانگ کانگ کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آگیا ہے، ہانگ کانگ اس سے قبل 4 سال تک سرفہرست رہا لیکن 2023 میں یہ دوسرے نمبر پر ہے۔تحقیق کے مطابق سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا یورپ کا مہنگا ترین اور غیرملکیوں کیلئے دنیا کا تیسرا مہنگا ترین مقام رہا، لندن کے علاوہ برطانیہ کے دیگر مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں برمنگھم 115 ویں، کارڈف 118 ویں اور بیلفاسٹ 123 ویں نمبر پر ہیں جبکہ برمنگھم 16 درجے تنزلی کے ساتھ روس کے سینٹ پیٹرز برگ سے صرف ایک درجے اوپر ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایڈنبرا 90 ویں نمبر پر ہے جو گزشتہ سال کے 83ویں نمبر پر تھا، یہ لندن کے بعد برطانیہ کا دوسرا مہنگا ترین شہر بن گیا ہے۔ای سی اے انٹرنیشنل کمپنیوں کی مدد کیلئے تحقیق کرتی ہے تاکہ مختلف ممالک میں تنخواہوں کے حساب کیلئے دنیا بھر میں زندگی گزارنے کے اخراجات کا اندازہ لگایا جاسکے۔غیر ملکیوں کیلئے سب سے سستا مقام 207 ویں نمبر پر موجود پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر کراچی ہے۔یورپ میں سب سے سستا مقدونیہ کا شہر اسکوپیہ ہے، جس کا عالمی سطح پر 197واں نمبر ہے، اس کے بعد رومانیہ کا شہر تیمیسورا ہے جس کا عالمی سطح پر نمرب193 ہے ۔محققین کا کہنا ہے کہ جمہوریہ آئرلینڈ کا دارالحکومت ڈبلن اس سال 6 درجے ترقی کے ساتھ 38ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔سروے میں صارفین کی ایسی اشیا ء اور سروسز کا موازنہ کیا گیا ہے جو عام طور پر خریدی جاتی ہیں، جیسا کہ کافی، چینی اور انڈوں سمیت گھریلو سامان اور نقل و حمل سمیت کھانے پینے کی اشیا ء ہیں جبکہ اس میں کرائے کے اخراجات کا موازنہ کرتے ہوئے رہائش کے اعداد و شمار بھی شامل ہیں۔مطالعے کے مطابق 2023 میں تارکین وطن کیلئے 10 سب سے مہنگے شہر وں میں بالترتیب نیویارک ،ہانگ کانگ ، جنیوا، لندن،سنگاپور ، زیورخ،سان فرانسسکو ، تل ابیب ،9 سیئول اورٹوکیو شامل ہیں۔
اوورسیزکیلئے دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں نیویارک پہلے ،کراچی کا آخری نمبر
Jun 09, 2023