پشاور(اے پی پی) نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) نے کہا ہے کہ آٹھ ماہ کی طویل بندش کے بعد بابو سر ٹاپ کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے، تاہم شاہراہ کاغان ایک بار پھر ٹریفک کیلئے بند ہو رہے گی۔ این ایچ اے حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہراہ کاغان سے بھاری گلیشیئر اور تودے ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے ، سیاح شاہراہ کاغان پر بابو سر ٹاپ کا سفر کرسکتے ہیں، سیاح بابو سر ٹاپ کا سفر احتیاط اور موسم کے مطابق کریں، اتھارٹی نے کہا کہ بابو سر ٹاپ کے اوپر اور اردگرد کے پہاڑوں پر تقریبا چھ سے سات فٹ برف تاحال موجود ہے ، یہ برف پگھلنے میں مزید 2 ماہ درکار ہیں۔دوسری جانب بابوسر ٹاپ حکام نے کہا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد دیوانہ وار برفیلی راہداریوں سے بابوسر ٹاپ پہنچ چکی ہے،سطح سمندر سے 13700فٹ بلند درہ بابوسر ٹاپ برفباری کے باعث اکتوبر سے جون تک سیاحوں کی پہنچ سے دور رہتا ہے ، جون میں جیسے ہی رسائی ممکن ہوتی ہے گرمی کے ستائے سیاحوں کی بڑی تعداد یخ بستہ ہواں کا لطف اٹھانے وہاں پہنچ جاتی ہے۔