لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال 8ویں روز بھی جاری رہی ۔ ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز آٹھویں روز بھی بند ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، محکمہ صحت اور ہسپتالوں کی انتظامیہ ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر لانے میں ناکام ہوگئے جس سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔مریضوں نے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب مریضوں کی شنوائی کہیں نہیں ہے، ہسپتالوں کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں لیکن علاج نہیں ہورہا ہے۔خیال رہے کہ 31مئی کو چلڈرن ہسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہونے والی ایک سالہ بچی کے لواحقین نے ڈیوٹی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، بچی کے لواحقین نے ڈاکٹر پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کر دی تھی جس سے وہ زخمی ہوا جس کے بعد ڈاکٹرز نے او پی ڈی بند کر کے احتجاج شروع کیا جو اب تک جاری ہے۔