جناح ہائوس حملہ، ایک اور شرپسند پی ٹی آئی یوتھ ونگ کا انفارمیشن سیکرٹری نکلا

لاہور ( این این آئی) 9مئی کو جناح ہائوس پر حملوں میں ملوث ایک اور شرپسند پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ لاہور کا انفارمیشن سیکرٹری نکلا۔ذرائع کے مطابق شرپسند کی شناخت حاشر خان درانی کے نام سے ہوئی ہے، شرپسند کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وہ پی ٹی آئی یوتھ ونگ لاہور کا انفارمیشن سیکرٹری ہے، ملزم نے 9 مئی واقعہ سے متعلق حیران کن انکشافات اور اعترافات کیے ہیں۔ملزم حاشر درانی نے بتایا کہ وہ 9مئی کو جناح ہائوس حملے کے وقت وہاں موجود تھا اور دوران حملہ چیخ چیخ کر انقلاب کے نعرے لگاتا رہا اور وہاں موجود لوگوں کے افواج پاکستان کے خلاف جذبات ابھارتا رہا۔انصاف یوتھ ونگ لاہور کے انفارمیشن سیکرٹری شر پسند حاشر خان درانی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ کی گرفتاری کے بعد جو کور کمانڈر ہائوس پر حملہ ہوا اسکی منصوبہ بندی پہلے سے زمان پارک میں کی گئی تھی، پی ٹی آئی کی قیادت نے یہ منصوبہ بنایا جس میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں محمود الرشید اور شیخ امتیاز شامل تھے۔شرپسند نے بتایا کہ پہلے سے پلاننگ کی ہوئی تھی جسکے تحت ہم نے جناح ہائوس پر حملہ کیا، یہ حملہ اس بیانیہ کی عکاسی تھا جو چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے خلاف ہمارے ذہنوں میں بھرا تھا وہ اثر انداز ہوا، میں بھی حملہ کے وقت وہاں موجود تھا ، میں نے بھی ویڈیو بنائی، لوگوں کو اکسایا کہ لوگو انقلاب آگیا، جھنڈا لہرا کر کہا کہ اب یہ کور کمانڈر ہائوس نہیں۔ملزم نے اعتراف کیا کہ اس سب عمل کے دوران فوج کا رویہ بہت مثبت تھا، ہماری فوج نے کسی عام شہری کو تنکے کا بھی نقصان نہیں پہنچایا۔

ای پیپر دی نیشن