لاہور (خبرنگار) لاہور کی انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں گرفتار پرویز الٰہی کی دائر ضمانت درخواست پر مزید سماعت آج بروز جمعہ تک ملتوی کردی۔ پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ ان کے ساتھ شریک ملزم سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔ تفتیشی افسر نے بھی مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا۔ پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر کوئٹہ گیا ہوا ہے اور ریکارڈ اس کے پاس ہے۔ پراسیکیوشن نے تفتیشی افسر کے کوئٹہ جانے کی ٹکٹ بھی عدالت کو پیش کردی۔ جج علی رضا نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیتے ہیں۔ ادھر پرویز الٰہی کو ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ پراسکیوٹر جنرل نے حکومت پنجاب کی اپیل میں پرویز الہی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔