کراچی میں جماعت اسلامی کی اکثریت کو اقلیت میں بدلا گیا تو ذمہ دار حکومت: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے جنہوں نے خود تو خوب کمایا مگر عوام کو محروم رکھا۔ پیپلز پارٹی، ن لیگ، تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کے عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔ عوام جماعت اسلامی کو اختیار دیں، ہم جنوبی پنجاب کو سنواریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اگر کراچی میں جماعت اسلامی کی اکثریت کو اقلیت میں بدلا گیا تو حالات کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہوگی۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں اکثریت حاصل کی، شہر کا میئر بھی اسی کا ہونا چاہییے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔ جماعت اسلامی پنجاب جنوبی نے کنونشن کا انعقاد کیا تھا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ملک کی مجمو عی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پرانے انڈوں کو نئی ٹوکری میں ڈالنے سے استحکام نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ سات ارب کرپشن ہوتی ہے۔ صرف موٹروے کے ایک حصہ کی تعمیر میں چھ ارب کا غبن سامنے آیا ہے۔ حکمران کرپشن روکنے کی بجائے بیرونی قرضوں پر انحصار کرتے ہیں۔ اب تک 23 پروگرام سائن ہوئے، ملک آگے کی بجائے پیچھے گیا۔ آج بنگلہ دیش کا گروتھ ریٹ ہم سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا ترکی، ملائشیا، انڈونیشیا سب ہم سے آگے ہیں، پاکستان کی کرنسی دیوالیہ ہو چکی ہے،  ہمارے ہاں حکمرانوں نے لنگر خانے اور تندور تعمیر کیے اور لوگوں کو ٹرکوں کی لائنوں کے پیچھے لگایا۔ جماعت اسلامی سب کے لیے یکساں جدید تعلیمی نظام لے کر آئے گی۔ ہم نوجوانوں کو سود فری قرضہ دیں گے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں گے، زراعت پر توجہ دیں گے۔ کر پشن کا خاتمہ اور لوٹی ہوئی دولت کو واپس لائیں گے۔ سودی نظام کا خاتمہ اور حقیقی احتساب متعارف کریں گے، ہم عدالتوں میں قرآن کا نظام لائیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن