کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملے پرایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں جی ڈی اے رہنماؤں سے فنکشنل لیگ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں سندھ اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کے تقرری کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد جی ڈی اے کے رہنما صفدر علی عباسی‘ سردار عبدالرحیم نے کہا ہم ماضی میں ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہینگے۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کا اپوزیشن لیڈر رہا ہے ہم نے کہا اس معاملے میں تکنیکی مسئلہ ہے درکار نمبرز پورے کرنے کی ضرورت ہے رہنماں نے کہا سینیٹ الیکشن میں ہم نے ایم کیوایم کو ووٹ کیا تھا جی ڈی اے سندھ میں ووٹوں کے تناسب سے دوسری بڑی جماعت ہے اس لئے ہمارا حق بنتا ہے اپوزیشن لیڈر کا طے ہو ا فاروق ستار اپنی قیادت سے بات کرینگے پھر ہم کسی حتمی فیصلے پر پہنچیں گے ۔فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جمہوریت میں اپوزیشن کا ایک کردار ہوتا ہے ہماری خواہش ہے کہ جی ڈی اے اکثریت سے جیت کر آئے پھر ہم ملکر حکومت بنائیں ۔پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر کام نہیں کرسکاپیپلزپارٹی کو انکے بلوں میں بند کرنا ہے یہ ایم کیوایم سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا، انہوں نے کہا ہمارے اوپر جی ڈی اے کا قرض ہے یہ میرے سر آنکھوں پر ہمیں شہری سندھ کو انتشار سے بچانا ہے میں یہ نہیں کہتا آپکا سرے سے کوئی حق نہیں بنتا لیکن میں پھر بھی اپنے ساتھیوں کو جاکر انکی خواہش بتانی ہے اور مشاورت سے معاملے کو طے کرینگے۔
ایم کیو ایم ، جی ڈی اے ملاقات، اپوزیشن لیڈر معاملہ مشاورت سے طے کرنے پر اتفاق
Jun 09, 2023