لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمائے پاکستان ( سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ بجٹ میں غریبوں کا خیال رکھا جائے۔خاص طور پر عمران خان کی حکومت میں شروع ہونے والی مہنگائی کے مضر اثرات سب سے زیادہ غریب عوام پر پڑے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجٹ میں غریبوں کیلئے فائدہ مند اقدامات کئے جائیں۔ مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا اب تک افسوسناک وطیرہ رہا ہے کہ پارلیمنٹ امیروں کو فائدہ دیتی رہی ہے، غریبوں کیلئے کبھی اقدامات نہیں کیے گئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایسا بجٹ دیں ، جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ لوگوں کی غربت بڑھتی رہی تو عوام کے ہاتھ امیروں کے گریبانوں تک پہنچ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر روز مرہ کی اشیائے ضروریہ دال،چاول، چینی ،چائے، سبزیاںاور آٹاسستا کیا جائے تاکہ غریب اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ اب تک امیروں نے غریبوں کاخون چوسا ہے۔ غریبوں پر نافذ کیا گیا 18فیصد سیلز ٹیکس واپس لیا جائے۔جس کے بعد سے حکومتی اقدامات کے تحت مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں بھی کمی کی جائے۔