پیرس انٹرنیشنل ایئر شو 2023 کی تیاریاں عروج پر
پیرس ایئر شو انیس جون سے شروع ہوکر پچیس جون تک جاری رہے گا
پیرس( صاحبزادہ عتیق سے )
یہ شو انیس جون سے شروع ہوگا پچیس جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ ہر دوسال بعد ہونے والا پیرس ائر شو دو ہزار انیس کے بعد اس سال ہورہا ہے کیونکہ دو ہزار اکیس میں کورونا وبا کی وجہ سے ائر شو کینسل کردیا گیا تھا۔
انیس جون سے شروع ہونے والے اس ایئر شو میں دنیا بھر سے طیارہ ساز کمپنیاں شرکت کریں گی۔ ائر شو سات دن جاری رہے گا۔ جہاں انیس سے بائیس جون تک پہلے چار دن پروفیشنلز ، ماہرین ، ٹیکنیشنز ، پائلٹس اور تاجروں کے لئے انٹری ہوگی اور آخری تین دن اوپن انٹری ہوگی ، اور ان تین دنوں میں لاکھوں فرانسیسی اور غیر ملکی سیاح فیمیلیز سمیت ائر شو کا وزٹ کریں گے۔ اس شو میں ایروناٹیکل انڈسٹریز سے وابستہ ممالک کی سینکڑوں کمپنیاں شرکت کرتی ہیں، مسافر بردار طیاروں سے لڑاکا طیاروں تک اور چھوٹے نجی طیاروں سے اسپیس راکٹ بنانے والی کمپنیوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹر ، نجی ہیلی کاپٹر ،مال بردار طیارے اور ان طیاروں کے لئے ہر قسم کا سازو سامان ، مشینری ، انجن ، اسپیئر پارٹس ، میزائیل ، لگڑری آئٹمز تیار کرنے والی کمپنیاں اس ائر شو میں شرکت کرتی ہیں اور اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کرکے دنیا بھر کے اس شعبے سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھرپور کوشش کرتی ہیں۔
پاکستان اور چین کا مشترکہ تیار کردہ لڑاکا طیارہ جے ایف سترہ تھنڈر لڑاکا پہلی بار دو ہزار پندرہ کے پیرس ائر شو میں پیش کیا گیا تھا اور کم لاگت کا ہلکا طیارہ جے ایف تھنڈر مبینہ خریداروں اور سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا تھا۔