اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام تین روزہ پی ایس بی ریفریشر کوچنگ کورس (آج)جمعہ سے پی اس بی کوچنگ سنٹر، کراچی میں شروع ہوگا۔ کورس کے شرکا کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام اور ورلڈ اتھلیٹکس لیول ٹو لیکچرار و پاکستان سپورٹس بورڈ کے انسٹرکٹر نصراللہ رانا کے علاوہ دیگر مقررین کھیلوں کے حوالے سے مختلف امور پر لیکچرز دیں گے جن میں کوچنگ اور ٹریننگ کے نظریات،غذائیت، ڈوپنگ، کھیلوں کی نفسیات، کھیلوں کے دوران زخم، چوٹیں اور ابتدائی طبی امداد اور ہنر کی تعلیم پر لیکچرز دیں گے یہ کورس تین روز تک جاری رہے گا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد اسلام نے بتایا کہ اس سے قبل اسلام آباد، لاہور،فیصل آباد اور پشاورمیں بھی کورسز منعقد ہو چکے ہیں اور اس کے علاوہ راولکوٹ (آزاد جموں وکشمیر)اور کوئٹہ میں بھی ہونگے۔ جن کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔