پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور میں تحریک انصاف رہنما علی زمان ایڈووکیٹ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے۔ ملزمان علی زمان ایڈووکیٹ سے گاڑی کی چابیاں اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے خاتون اسسٹنٹ کمشنر، اُن کے شوہر اور دیگر 4 نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے رات گئے علی زمان کی ہسپتال میں عیادت بھی کی اور مذمت کرتے کہا علی زمان جیسے کارکن پی ٹی آئی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ سابق امیدوار پی کے 73 پشاور علی زمان ولد امیر زمان ساکن عید گاہ کالونی نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے فقیر آباد پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب معمول کے مطابق وہ اپنی گاڑی میں گھر جا رہا تھا کہ راستے میں نجی ہوٹل کے قریب دوسری گاڑی نے اُن کی گاڑی کو ٹکر مار دی جس کے بعد وہ رکا تو اس دوران دوسری گاڑیوں سے اسسٹنٹ کمشنر و سابق ریٹرننگ آفیسر پی کے 73 سمیرا صبا، اُن کا شوہر قدیر اور دیگر 4نامعلوم افراد اُترے اور اُس پر تیز دھار آلات سے وار شروع کر دیئے جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ ایف آئی آر درج کر لی گئی جس میں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سمیرا صباء، اُن کے شوہر قدیر اور دیگر 4 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ادھر اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر ملزموں سے مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ٹیلی فونز بند ہیں، تمام ملزم فرار ہیں۔
پشاور: پی ٹی آئی رہنما علی زمان حملے میں زخمی: خاتون اے سی سمیت 6 نامزد
Jun 09, 2024