پنجاب لائیو سٹاک کارڈ، فارمر رہنمائی ایپ کا اجرا

لاہور+مری (نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ +نمائندہ خصوصی)''پاکستان کی تاریخ کا پہلاپنجاب لائیو سٹاک کارڈ اور پہلی''فارمر رہنمائی ایپ'' کا اجرا کر دیا گیا۔ مریم نواز نے پنجاب لائیو سٹاک کارڈ پراجیکٹ کی منظوری دی جس سے مویشی فیڈ کے لئے اڑھائی لاکھ روپے بلاسود قرض ملے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لائیو سٹاک سے متعلق اجلاس جس میں اہم پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ  نے لائیوسٹاک فارمر کے لئے قرضے کے حصول کے مراحل آسان بنانے اور جنوبی پنجاب میں ڈیر ی فارمنگ کے لئے سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب کے لائیو سٹاک فارمرز کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرناچاہتے ہیں۔ اجلاس کو  بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں مقیم مرد اور خواتین کوڈیر ی فارمنگ کے لئے آسان اقساط پر قرضہ فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب بھر 40ہزار فارمرز کو پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے قرضے دیئے جائیں گے۔ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم سے چار لاکھ جانور میٹ ایکسپورٹ کے لئے میسر ہوں گے۔ فارمر کو جانورں کی فری ڈیگنگ، فری ان سیمی نیشن سروسز، ونڈا اور سائلج کی کوالٹی کی ٹیسٹنگ سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے فارمرکو ونڈا، سائلج اور منرل مکسچر کے لئے2لاکھ 70 ہزار روپے کا آسان قرضہ دیا جائے گا۔ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے فارمر 30دن میں قرضہ ادا کر سکے گا۔ پنجاب میں اینیمل آئیڈنٹٹی  ٹریس ایبلٹی سسٹم سے مویشی کی دیکھ بھال میں آسانی ہو گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے رحیم یار خان کے علاقے شیدانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو کانسٹیبل کیلئے حروف عقیدت پیش کیے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈیوٹی کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے اہلکار پنجاب پولیس کا فخر ہیں۔ انہوں نے  آئی جی پنجاب کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پنجاب مریم نواز شریف نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں آتشزدگی سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن