ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت) ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میںآتشزدگی، 2 بچے جاں بحق، 2سے زائد بچوں کی حالت نازک، تقریباً66 بچوںکو دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ ڈویژنل وضلعی انتظامی وپولیس افسران موقع پرپہنچ گئے۔ تحقیقات کے لئے ڈاکٹرز اور ایس ڈی او بلڈنگ پر مشتمل کمیٹی تشکیل۔ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ہسپتال کے عملے اور دیگر شہریوںنے امدادی کام شروع کر دیا۔ ریسکیو1122کے عملے نے بھی پہنچ کر بچوںکو بحفاظت نکالنا شروع کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق66 بچوں کو دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیاگیا جبکہ چند بچوں کو والدین گھروں میں لے گئے جنہیں بعدازاں والدین واپس ہسپتال لے آئے۔ آگ کے دھواں کے نتیجہ میں2 بچے جاں بحق ہوگئے جن کی ایم ایس ہسپتال نے تصدیق کی ہے جنہیں پیدائشی بیمار قرار دیا گیا ہے۔ کمشنر ساہیوال نے تحقیقات کاحکم دے دیا ہے اور ایم ایس ڈاکٹر محبوب اختر، ڈاکٹر یاسین، ڈاکٹر ذیشان اور ایس ڈی او بلڈنگ محمد طارق پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ آگ لگنے سے ہسپتال کی مشینری وغیرہ کو نقصان پہنچے کی اطلاع ہے اور نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔