لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نالائقی و نااہلی کی وجہ سے نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں، 5سے 15سال کی عمر کے 2کروڑ 62لاکھ بچے ملک میں ایسے ہیں جنہیں سکول جانا چاہیے لیکن وہ نہیں جارہے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کو مفت تعلیم دے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو مضبوط اورمتحد کرے گی،آئندہ ایک سال میں دس لاکھ طلبہ وطالبات کو فری آئی ٹی کورسز اور ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو بنیادی فری آئی ٹی ایجوکیشن دیں گے جو 50لاکھ طلبہ وطالبات کو اپنے اپنے سکولز میں کورسز کروائیں گے۔نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کے بجائے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں تاکہ انہیں عزت،روزگار اورامن ملے، نوجوان جماعت اسلامی کی تعلیم عام کرنے کی جدوجہد میں بھی رضاکار بنیں اور سوشل میڈیا کے درست استعمال اورآئی ٹی کورسزکی تعلیم سے اپنا اور ملک و قوم کا مستقبل بہتر کریں۔ آج بھی صوبے او روفاق میں فارم 47والے حکمران مسلط ہیں، ان سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ریلوے گراؤنڈ،آئی آئی چند ریگر روڈ میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون اور آئی ٹی کے دیگر مفت کورسز کروانے کے لیے ’’الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کے خطاب سے قبل تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ کورس کی صورت میں پڑھا۔ بعد ازاں بنوقابل کا ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔ بنوقابل ٹیسٹ کی تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی منعم ظفرخان، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید، الخدمت کراچی کے سی ای او نوید علی بیگ، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بنو قابل پروگرام سے کورس کرنے والے طلبہ و طالبات کے تاثرات اورکامیابی پر مشتمل ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی۔
سندھ‘ وفاق پر فارم 47 والے حکمران مسلط‘ نجات ضروری: حافظ نعیم
Jun 09, 2024