9 مئی:عمر ایوب، زرتاج گل، احمد چٹھہ کی عبوری ضمانت میں 8 جولائی تک توسیع

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) عدالت نے نو مئی کے مقدمہ میں ملوث اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اور احمد چٹھہ کی عبوری ضمانت میں 8جولائی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چھٹی پر ہونے کی وجہ سے تھانہ کینٹ میں درج نو مئی کو جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوئی۔ اس مقدمہ میں ملوث اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل اور احمد چٹھہ پیش ہوئے، پیشی کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم فارم 47 والے وزیراعظم یا ان کی ٹیم سے کیا بات کریں۔ اسمبلی میں ہم سے آنکھیں نہیں ملا سکتے، ان سے کیسے بات کریں یہ توعمران خان کا چہرہ دیکھ کر بھاگ جاتے ہیں، ہم بات کرنا چاہتے ہیں لیکن بات چیت سے قبل گرائونڈز بنانا ہوتی ہیں۔ انہوں نے خان صاحب پر کیس پر کیس بنائے ہوئے ہیں۔ ہم جوآج کیس بھگت رہے ہیں، کل کو یہ بھی بھگتیں گے، ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگریہ لوگ واقعی بات کرنے پر آمادہ ہیں تو ہمیں ہماراچرایا ہوا مینڈیٹ واپس کریں یہ جانتے ہیں مینڈیٹ فارم47سے چرایا گیا ہے۔ یہ بات کرنا چاہتے ہیں تو بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر چیمہ اور دیگر کو رہائی دیں۔ یہ سب واپس آئیں گے مینڈیٹ واپس ملے گا تو بات ہو گی۔ انہوں نے کہا مجھے تو الیکشن نظر آرہے ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں آج ہم کٹہرے میں کھڑے ہیں کل کوئی اور کھڑا ہو گا۔ خواہشات کا یہ سرکل چلتا رہا تو انتقام کی آگ کبھی نہیں بجھے گی۔

ای پیپر دی نیشن