راولپنڈی(جنرل رپورٹر)بہاولپور میں مثبت ماحولیاتی نمونے آنے کے بعد پنجاب کے تین اضافی اضلاع میں پولیو مہم کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا گیا،انسداد پولیو مہم بہاولپور، رحیم یار خان اور مظفر گڑھ کی 5 مخصوص تحصیلوں میں شروع کی جائیگی جس میں بہاولپور کی تین، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان کی ایک ایک تحصیل شامل ہیں،مہم کا انعقاد 10 سے 14 جون تک کیا جائے گا جس میں سات ہزار پولیو ورکر حصہ لیں گے اورمہم کے دوران 9 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، انسداد پولیو مہم پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید چھٹیوں میں بھی لوگوں کی آمدو رفت جاری رہے گی لہذا تمام اضلاع پولیو مہم کی کامیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،تمام افسران پولیو مہم کی خود نگرانی کریں اور ہر بچے کو قطروں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انھوں نے رحیم یار خان اور مظفر گڑھ کو بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اضلاع مہم کو اولین ترجیح دیں،خضر افضال نے اضلاعی افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازموں کو بطور پولیو ورکر مہم میں شامل کیا جائے۔