ایپل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز کو آئی فونز کا حصہ بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے آئندہ ہفتے کمپنی کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران متعدد اہم اعلانات متوقع ہیں۔مگر ایپل کی ڈیوائسز میں ان فیچرز کے لیے ایپل انٹیلی جنس کا نام استعمال کیا جائے گا۔یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس لفظ کا استعمال نہیں ہوگا اور یہ نئے فیچرز آئی او ایس 18، آئی پیڈ او ایس 18 اور میک او ایس 15 کا حصہ بنیں گے۔ایپل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو موجودہ ایپس اور سروسز کا حصہ بنایا جائے گا۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے امیج اور ویڈیو جنریشن کی بجائے ایسے فیچرز پر توجہ مرکوز کی جائے گی جو صارفین کو پسند آسکیں۔
جیسے میسجز کی سمری یا دیگر ایسے ہی ٹاسکس کے لیے صارفین اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل انٹیلی جنس فیچرز بائی ڈیفالٹ ٹرن آن نہیں ہوں گے بلکہ صارفین اپنی مرضی سے انہیں ان ایبل کرسکیں گے۔
ان فیچرز پر بیٹا (beta) ورژن کا لیبل ہوگا تاکہ انہیں وقت کے ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکے۔
یہ نئے فیچرز آئی فون 16 سیریز کے ساتھ آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
اس سے پرانے آئی فونز میں ان فیچرز کو متعارف کرایا جاتا ہے یا نہیں، یہ فی الحال واضح نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل انٹیلی جنس فیچرز میں صارفین کی پرائیویسی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایپل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کا آغاز 10 جون کو ہوگا۔