غزہ میں قتل عام، کولمبیا نے اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی روک دی

غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام پر کولمبیا نے اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی معطل کر دی۔ عرب میڈیا کے مطابق کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ ان کی حکومت اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی معطل کرنے جا رہی ہے۔

صدر پیٹرو نے کہا کہ "اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی اس وقت تک معطل رہے گی جب تک غزہ میں قتل عام رک نہیں جاتا۔"

کولمبین حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو کوئلے کی فراہمی کی بندش چند دن میں باضابطہ طور پر شروع ہو جائے گی۔

امریکی خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے  گزشتہ سال کے ابتدائی 8 ماہ میں کولمبیا سے 320 ملین ڈالرز مالیت کا کوئلہ درآمد کیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اپنی ضرورت کے کوئلے کا 50 فیصد کولمبیا سے درآمد کرتا ہے۔ 

یاد رہے اس سے قبل کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو نے  غزہ میں اسرائیلی اقدامات پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کولمبیا کے صدر غزہ میں کارروائیوں پراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سخت ناقد رہے ہیں اور  انہوں نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف نسل کشی کیس میں فریق بننے کی بھی درخواست کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن