کراچی (ثناءنےوز) ٹاپ ٹینس سٹار اعصام الحق کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ڈیوس کپ ایشا \\\\ اوشیانا زون II کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اعصام الحق نے پہلے سنگلز، پھر ڈبلز اور ٹائی کے تیسرے روز ریورس سنگلز میں ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کو شکست دیکر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے میزبان ہانگ کانگ کو 3-1 سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اب پاکستان ڈیوس کپ ایشا \\\\ اوشیانا زون II کے سیمی فائنل میں مقابلہ کرے گا جو مئی میں ہوں گے۔ اعصام الحق نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کا دن پاکستان ٹینس کیلئے خوشی کا دن ہے۔ میں نے اپنی پوری کوشش کی اور تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے اپنی ٹیم کو اس مرحلے تک پہنچایا۔ امید ہے سیمی فائنل اور فائنل میں بھی فتح حاصل کرکے اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔ اعصام نے بتایا کہ ہماری ٹیم (آج ) منگل کو وطن پہنچ جائے گی اور میں ایک ہفتہ آرام کے بعد یورپین سرکٹ میں کھیلنے کیلئے روانہ ہو جاو¿ں گا۔