بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بیٹسمین راہول ڈریوڈ نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیاہے۔

Mar 09, 2012 | 14:35

سفیر یاؤ جنگ
بنگلورمیں بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سری نواسن اور سابق کرکٹر انیل کمبلے کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران راہول ڈریوڈ نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ بہترین وقت ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو موقع دینے کیلئے وہ کرکٹ سے الگ ہوجائیں ، انہوں نے کہا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو دیئے لمحات کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے، بھارتی ٹیم میں دی وال اور مسٹر ڈیپنڈ ایبل کے نام سے مشہور راہول ڈریوڈ نے گیارہ جنوری انیس سو تہتر میں بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں جنم لیا ، راہول ڈریوڈ نے انٹرنیشنل کیئریر کی ابتدا تین اپریل انیس سو چھیانوے میں سری لنکا کے کے خلاف ون ڈے میچ کھیل کرکی، انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے خلاف بیس جون انیس سو چھیانوے میں کھیلا، راہول ڈریوڈ اب تک ایک سو چونسٹھ ٹیس میچز میں باون اعشاریہ تین ایک کی اوسط سے تیرہ ہزار دوسو بیاسی رنز بناچکے ہیں جن میں چھتیس سنچریاں اور تریسٹھ نصف سنچریاں شامل ہیں ، راہول ڈریوڈ نے تین سو چوالیس ون ڈے میچز میں انتالیس کی اوسط سے دس ہزار آٹھ سو نواسی رنز بنائے جس میں بارہ سنچریاں اور تراسی نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ آسٹریلیا کے خلاف چوبیس جنوری دوہزار بارہ اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل انگلینڈ کے خلاف سولہ ستمبر دوہزار گیارہ کو کھیلا جبکہ اسی سال سولہ اگست کو انہوں اپنے کرئیر کا واحد بین الاقوامی ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔
مزیدخبریں