کوئٹہ(بیورو رپورٹ) فرنٹیئر کور بلوچستان نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود کا بہت ذخیرہ برآمد کرلیا۔ ایف سی بلوچستان کے ترجمان کے مطابق حساس اداروں کی اطلاعات پر ایف سی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کوئٹہ میں تخریب کاری کےلئے زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ قبضہ میں لے لیا جس میں تیار کئے گئے بم، راکٹ لانچر، میزائل 107، مشین گنیں، کلاشکوف، بارودی سرنگیں وغیرہ شامل ہیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود سے دو ٹرک لوڈ کرکے کوئٹہ روانہ کردیئے گئے جکہ مزید اسلحہ کا ذخیرہ ٹرکوں میں لوڈ کیا جارہا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہے جس میں اسلحہ و گولہ بارود کا اتنا بڑا ذخیرہ قبضہ میں لیا گیا ہے۔ کرنل مقبول کے مطابق کارروائی میں آٹھ مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں پانچ ڈاکو دن دیہاڑے بنک سے دو کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کرجاتے ہوئے عملے اور سیکورٹی گارڈ کو بیت الخلاءمیں بند کرکے فرار ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقہ چکی شاہوانی کیچی بیگ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے محمد رفیق پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔