”میٹرو بس شہباز شریف کی طرف سے عوام کو تحفہ ہے“سندھ کے سینئر صحافیوں اور پاکستان چیمبر کے 8 رکنی وفد نے میٹرو بس پر سفر کیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت کے میٹرو بس سمیت تمام ترقیاتی منصوبے دوسرے صوبوں کے لئے قابل تقلید ہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ کم مدت میں تکمیل وزیراعلی شہباز شریف کی لگن کا ثبوت ہے۔ میٹروبس منصوبہ نہ صرف معاشی ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ عوام کو بین الاقوامی معیار کی آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولیات دستیاب ہو گئی ہیں۔سندھ کے صحافیوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اگر پنجاب پانچ سال کے لئے شہباز شریف سندھ والوں کو دے دیں تو سندھ بھی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار سندھ سے لاہور آنے والے 9 رکنی وفدنے گجومتہ سے سیکرٹریٹ تک میٹروبس سروس کے سفر کے بعد کیا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ میٹروبس منصوبے کی 11 ماہ میں تکمیل پر وہ حیران ہیں اور میٹرو بس حقیقی معنوں میں وزیراعلی شہباز شریف کی طرف سے پنجاب عوام کو ایک عظیم تحفہ ہے۔ بعدازاں سندھی صحافیوں کے وفد نے پاک ٹی ہاﺅس کی افتتامی تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 8 رکنی وفد نے ایس ایم منیر کی سربراہی میں میٹرو بس منصوبے کا دورہ اور قذافی سٹیڈیم سے آزادی چوک تک میٹرو بس پر سفر کیا۔ دوران سفر وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلابی قدم ہے جس پر وزیراعلی پنجاب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ارکان نے کہا کہ میٹرو بس ایک شاندار منصوبہ ہے جس سے عام شہریوں کو بہترین اور معیاری سفری سہولیات انتہائی کم کرایہ میں فراہم کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن