لاہور (نیوزرپورٹر) مرکزی صدر کسان بورڈ پاکستان سردار ظفر حسین خان نے حکومت کی طرف سے زرعی ٹیوب ویلز ٹیرف میں 2روپے فی یونٹ کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے کاشت کار اسے مسترد کرتے ہیں۔ حکومت کاشت کاروں کے دیرینہ مطالبے کو فوری پورا کرے اور پورے ملک میں زرعی ٹیوب ویلز موٹر کی ہارس پاور کے مطابق فلیٹ ریٹ مقرر کیا جائے۔ 2روپے فی یونٹ کمی فلیٹ ریٹ کے زمرے میں نہیں آتی، الیکشن کی آمد آمد ہے۔ حکمران کاشت کاروں کو ذاتی مفاد کے لےے بے وقوف نہ بنائے۔ کسان بورڈ پاکستان 2روپے یونٹ کی کمی کو مسترد کرتا ہے، حکومت فوری طور پر زرعی موٹر ہارس پاور کے مطابق فلیٹ ریٹ کا تعین کرے اور وہ پورے ملک میں فوری نافذ العمل ہوں۔ اس اقدام سے کاشت کاروں کو فائدہ بھی ہو گا اور وہ اوور بلنگ، پیک آور، نان پیک آور کے گورکھ دھندے سے بھی بچ جائیں گے۔ اگر حکومت نے فوری طور پر ایسا نہ کیا تو ان کا یہ حالیہ اقدام ایک سیاسی شعبدہ بازی کے علاوہ کچھ نہیں ہو گا۔
زرعی ٹیوب ویلز ٹیرف میں دو روپے یونٹ کمی ناکافی ‘ مسترد کرتے ہیں : کسان بورڈ
Mar 09, 2013