ٹیکس کی کم ادائیگی‘ مصباح‘ عمران فرحت سمیت چھ کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ


 لاہور (این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت 6 کھلاڑیوں کےخلاف ٹیکس کم ادا کرنے کی شکایت پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ان کھلاڑیوں کو محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے گوشوارے جمع نہ کروانے پر نوٹس جاری کئے گئے جس کے بعد کھلاڑیوں نے پی سی بی سے حاصل کردہ آمدنی پر ٹیکس کی کٹوتی کے گوشوارے جمع کروا دئیے تاہم ایف بی آر نے کھلاڑیوں کے اخراجات سے ان کی آمدن زیادہ ہونے کے ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ مصباح الحق کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں عمران فرحت، محمد حفیظ، اظہر علی، توفیق عمر اور عمر اکمل شامل ہیں۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق 2010ءاور2011 ءمیں جمع کرائے گئے ٹیکس گوشوارے میں دی گئی معلومات کے مطابق عمران فرحت نے 2010 میں ساڑھے 6 لاکھ روپے اور 2011 میں 4 لاکھ 30 ہزار روپے، مصباح الحق نے سال 2010 میں 12 لاکھ 90 ہزار اور 2011 میں 16 لاکھ 70 ہزار روپے ٹیکس جمع کروایا۔ محمد حفیظ نے 2 سالوں میں 27 لاکھ روپے، اظہر علی نے 6 لاکھ 20 ہزار روپےجبکہ توفیق عمر نے 11 لاکھ 95 ہزار ادا کئے۔ مصباح الحق پر ان 2 سالوں کا 49 لاکھ روپے کا ٹیکس واجب الادا تھا لیکن انہوں نے کم ادا کیا جس پر محکمہ انکم ٹیکس نے ان کے خلاف ٹربیونل میں اپیل دائر کردی ہے جبکہ عمراکمل پر 78 لاکھ روپے ٹیکس واجب الادا تھا لیکن عدم ادائیگی پر ان کی تنخواہ کا اکانٹ منجمد کر دیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق دیگر کھلاڑیوں کے اخراجات اور بینک کھاتوں کی معلومات حاصل کرکے ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائےگی۔

ای پیپر دی نیشن