لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے دو بہنوں سمیت 3 خواتین سے زیادتی کے واقعات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سیشن ججوں سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ ضلع شیخوپورہ میں تین افراد اقبال، ناظم اور شوکت نے دو بہنوں کو نوکری کا جھانسہ دیکر ان سے زیادتی کی۔ متاثرہ لڑکیوں کی ماں کی درخواست پر تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج ہوا مگر پولیس نے ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جس پر متاثرہ لڑکیوں اور ان کی ماں نے تھانے کے سامنے خود سوزی کی کوشش کی۔ دوسرے واقعے میں اوکاڑہ میں 9 سالہ طالبہ ربیعہ کو اس کے استاد کے بھائی اور اس کے دوستوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مقدمہ درج ہوا مگر پولیس کی طرف سے گینگ ریپ کا سیکشن درج نہ کرنے پر ملزموں کی ضمانت ہو گئی۔ متاثرہ لڑکی کے والد نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کو بااثر سیاسی شخصیات کی اشیرباد حاصل ہے۔ چیف جسٹس نے ان واقعات کے بارے میں متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔
شیخوپورہ کی دو بہنوں، اوکاڑہ میں بچی سے زیادتی پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے رپورٹ طلب کر لی
Mar 09, 2013