کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں بچے سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم آباد کالونی میں منشیات فروش گروہوں کے درمیان مورچہ بند فائرنگ کی زد میں آکر 3سالہ بچہ وہاب جاں بحق اسکی کزن 6سالہ بچی زیب النساء زخمی ہو گئی۔ پولیس کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود پیر الٰہی بخش گوٹھ واٹر بورڈ کے احاطے میں جھاڑیوں سے 35 سالہ حافظ قرآن عادل حسین کی گولیاں لگی نعش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول جنجال گوٹھ فیضان ٹاؤن میں دودھ کا کاروبار کرتا تھا اور اسکی 3 ماہ بعد شادی ہونی تھی۔ بروہی گوٹھ کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق صوابی سے تھا۔ اورنگی ٹاؤن نمبر 10میں فائرنگ سے مراد بخش اور عبدالماجد زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء سپیشل انوسٹی گیشن پولیس نے دنبہ گوٹھ میں آپریشن کر کے مغوی تاجر کو بازیاب کر لیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اغوا کار مارے گئے جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزموں نے کندھ کوٹ کے تاجر نیاز کی رہائی کیلئے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ دریں اثناء لانڈھی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب جھاڑیوں سے نامعلوم نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی۔ بلدیہ کے علاقے گلشن مزدور میں رینجرز ٹارگٹڈ آپریشن کر کے کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 11 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں لیاری میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہو گئے۔کراچی کی 24 یونین کونسلوں میں آج پولیو مہم کی وجہ سے موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کا اطلاق صبح آٹھ بجے سے شام 6 بجے تک ہو گا۔گلشن اقبال یوسی 10 پہلوان گوٹھ، 11 میٹروول، 12 گلزار ہجری اور 13 صفورا میں پابندی ہو گی جبکہ بلدیہ ٹائون کی یوسی 1 گلشن غازی، 2 اتحاد ٹائون، 3 اسلام نگر، 3 نال آبادی، سائٹ ٹائون یوسی 7 بنارس، 8 قصبہ کالونی، 9 اسلامیہ کالونی، بن قاسم ٹائون یوسی 2 ریڑھی گوٹھ، 3 بھینس کالونی، یوسی 4 قائد آباد، اورنگی ٹائون یوسی 1 مومن آباد، 13 بلوچ گوٹھ، 2 ہریانہ کالونی میں پابندی ہو گی۔
کراچی: فائرنگ، 7 افراد ہلاک، 24 یونین کونسلوں میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی
Mar 09, 2014