اسلام آباد (اے این این) پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں امن کے قیام کیلئے مذاکرات اور فوجی کارروائی کے حوالے سے حکومتی صفوں میں موجود تذبذب پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک وقوم کیلئے انتہائی مہلک قرار دیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کابینہ کے اراکین کے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات کا ازالہ کرنا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے چنانچہ میاں نواز شریف حکومتی صفوں میں تذبذب کا خاتمہ کریں تاکہ پوری حکومت دہشت گردی کے خلاف متفق ہو اور یکساں موقف کا اظہار کرے۔ ایک بیان میں تحریک انصاف کی ترجمان کا کہنا ہے مسلم لیگی وزراء کے بیانات سے حکومتی صفوں میں غیر یقینی اور تذبذب کی کیفت واضح ہوئی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی وزیرداخلہ چوہدری نثار بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے امن کی بات کرتے ہیں جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف وزیراطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ قبائلی علاقوں میں فوجی کارروائی کی تاریخوں کا اعلان کرنے میں مصروف ہیں۔