ماتھیلو/گھوٹکی (نامہ نگاران) گھوٹکی کے علاقہ جروار میں قبائلی تصادم، ماموں‘ بھانجے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ کے خلاف جروار شہر بند ہوگیا۔ لوند برادری کے افراد کا واقعہ کے خلاف تھانے کے سامنے نعش رکھ کر احتجاج کیا گیا۔ جروار شہر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دکان میں بیٹھے ہوئے افراد پر فائرنگ کر دی خادم حسین‘ سدھیر احمد لوند موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جو ماموں اور بھانجے بتائے جا رہے ہیں فائرنگ سے ایک راہگیر بخشن ملک بھی زخمی ہوگیا جسے علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ جروار شہر خوف کے باعث بند ہو گیا اور فائرنگ سے شہر میں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر لوند برادری کے سینکڑوں افراد جروار پہنچ گئے جس کے بعد انہوں نے لاشوں کو اٹھا کر تھانے کے سامنے رکھ کر پولیس کے خلاف احتجاج کرکے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ جبکہ واقعہ کے بعد لوند برادری کے مسلح افراد نے بوزدار قبائل کے 10افراد کو بدلے میں یرغمال بنا لیا۔ میرپور ماتھیلو سے نامہ نگار کے مطابق چھ ماہ قبل گائوں صاحب خان لوند میں لوند قبیلے کے افراد کی فائرنگ سے ایک شخص میرمحمد بوزدار جاںبحق ہو گیا تھا۔