عقیل خان نے نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی

Mar 09, 2014

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)  سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں ہفتہ کو ٹاپ سیڈ عقیل خان نے اپنے چھوٹے بھائی جلیل خان کو 6-3  اور (2)  7-6  سے شکست دے کر مینز سنگلز فائنل جیت لیا۔ مینز ڈبلز فائنل میں عقیل خان اور جلیل خان نے یاسر خان اور شہزاد خان کو 6-2‘ 6-2  سے شکست دی جبکہ بوائز انڈر۔18 فائنل میں محمد مدثر نے سید نوفل کلیم کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 1-6‘ 6-1  اور 6-3  سے  ہرا کر  بوائز ٹائٹل  جیت لیا۔ اس طرح چیمپئن شپ کے ٹاپ سیڈ عقیل خان نے مینز سنگلز اور ڈبلز ایونٹ جیت کر ڈبل کراؤن حاصل کیا۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب  کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری  قانون بیرسٹر ظفر اﷲ خان تھے انہوں نے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور مجموعی طور پر تین لاکھ روپے  کے کیش ایوارڈز  اور الاؤنسز تقسیم کئے۔  اس موقع پر پی ٹی ایف کے نائب صدر محمد عارف قریشی‘ ٹورنامنٹ سیکرٹری خلیل چغتائی اور دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ٹورنامنٹ میں ملک بھرس ے 50  بہترین  کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ٹورنامنٹ یہ چیمپئن شپ مرحوم چودھری رحمت علی کی یاد میں کھیلا گیا۔ جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزارت ریلوے میں اعلی عہدوں پر کام کیا۔ وہ کھیلوں کے انتہائی دلدادہ  تھے۔ اسلام آباد میں ٹینس اور دیگر کھیلوں کیلئے ان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

مزیدخبریں